نئی دہلی، 14؍مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کے آبی وسائل کے سابق وزیرکپل مشراکی حالت مستحکم ہے،وہ اتوار کی صبح اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس میں دہلی میں حکمران عام آدمی پارٹی (آپ)کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا خلاصہ کرنے کے دوران بے ہوش ہو گئے تھے، جس کے فوری بعد انہیں رام منوہر لوہیا اسپتا ل میں داخل کرایا گیاتھا ۔رام منوہر لوہیا اسپتا ل میں ڈیوٹی پر تعینات ایک ڈاکٹر نے کہا کہ کپل مشرا کو ایمرجنسی شعبہ سے ریکوری کے روم میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر نے کہاکہ کپل مشرا کو ایمرجنسی شعبہ میں داخل کرائے جانے کے پانچ منٹ بعد ریکوری روم میں منتقل کر دیا گیا،ان کی حالت مستحکم ہے،ہم ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔مشرا آپ لیڈروں کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات کے مطالبہ کو لے بدھ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔